سری نگر یکم جولائی (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) وادی کشمیر میں گزشتہ 18 گھنٹوں سے موسم خشک رہنے اور دریائے جہلم سمیت دیگر چھوٹے بڑے نالوں میں سطح آب بتدریج نیچے آنے کی وجہ سے سیلاب کا خطرہ اگرچہ فی الوقت ٹل گیا ہے، تاہم اہلیان وادی پر شدید خوف و ہراس کی کیفیت بدستور طاری ہے ، کیونکہ محکمہ موسمیات نے پیشن گوئی کی ہے کہ 2 جولائی سے 4 جولائی تک مزید بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ ریاست میں اتوار کو موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا۔ تاہم اْن کا کہنا ہے کہ 2 جولائی کی شام سے 4 جولائی تک مزید بارش ہوسکتی ہے۔ ریاست میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران بارش کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد کی موت واقع ہوئی ہے۔ اس کے علاوہ قریب دو درجن رہائشی ڈھانچوں کو نقصان پہنچا ہے۔
محکمہ آبپاشی و فلڈ کنٹرول کے ایک عہدیدار کے مطابق جنوبی کشمیر اور گرمائی دارالحکومت سری نگر میں دریائے جہلم میں پانی کی سطح جو خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی تھی، تیزی سے نیچے آنا شروع ہوگئی ہے۔